سری نگر : سری نگر کے برین نشاط علاقے سے تعلق رکھنے والی نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کیڈٹ فضہ شفیع کو امسال رکشا منتری کمنڈیشن کارڈ سے نوازا گیا۔فضہ شفیع گرلز ہائیر سکنڈری اسکول نشاط میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہے اور وہ جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری کی واحد طالبہ ہے جس کو جموں وکشمیر این سی سی گرلز یونٹ سری نگر کے تحت نمایاں کارکردگی انجام دینے پر اس اعلیٰ درجے کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے 21 جنوری کو دہلی کینٹ میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے یوم جمہوریہ کیمپ کا دورہ کرنے کے دوران موصوف کیڈٹ کو اس اعزاز سے نوازا۔مذکورہ ہائیر سکنڈری کے پرنسپل غلام محی الدین شیخ اور دوسرے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے اپنے اسکول کی اس ہونہار طالبہ کو اسکول اور جموں وکشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے ۔ہائیر سکنڈری کے ایک سٹاف ممبر نے یو این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ فضہ شفیع ایک ہونہار این سی سی کیڈیٹ کے علاوہ کھیل کے دیگر میدانوں جیسے کھو کھو، بیڈ منٹن اور جھیل ڈل کی صفائی ستھرائی اور روڈ سیفٹی مہموں میں بھی حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتی ہے ۔انہوں نے کہا: ‘موصوف طالبہ تعلیم کے میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے بلکہ اس میں بھی اپنی ذہانت و ذکاوت کا سکہ بٹھا رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘جب سے موجودہ پرنسپل نے عہدہ سنبھالا ہے تب سے ہماری ہائیر سکنڈری تمام میدانوں میں نمایاں کارنامے انجام دے رہی ہے ۔