فلائیٹس کی منسوخی ، 2.3 لاکھ مسافر متاثر

   

حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) کہا جاتاہیکہ ہوائی سفر کئی اعتبار سے فائدہ مند ہوتا ہے لیکن رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران فضائی سفر کرنے والے مسافرین کو فلائیٹس کے منسوخ ہونے کی وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تفصیلات کے بموجب رواں سال کے ابتدائی 6 مہینوں میں 2.3 لاکھ مسافرین طیاروں کی پرواز منسوخ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا کیا ہے اور خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ سال کے آئندہ مہینوں میں بھی یہ مسائل مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔ وزارت ہوا بازی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب رواں برس کے ماہ مئی تک طیاروں کے منسوخ ہونے کی وجہ سے 2,32,297 مسافرین کو پریشانی اور مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ کمپنیوں کو اس کے عوض 3 کروڑ روپئے جرمانہ کے عوض عوام کو ادا کرنے پڑے ہیں۔ دریں اثناء 2016ء سے ہوائی سفر کرنے والے مسافرین کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے جیسا کہ صرف 2019ء کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران ڈومیسٹک مسافرین کی تعداد 5.8 کروڑ ریکارڈ کی گئی ہے۔