کمیٹی رپورٹ پر بائیو ڈائیورسٹی فلائی اوور کو کھولنے کا فیصلہ ہوگا : کے ٹی آر
حیدرآباد 25 نومبر ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے آج کہا کہ اس نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ فلائی اوورس کے مسائل کا جائزہ لیا جاسکے ۔ یہ کمیٹی شہر میں بائیو ڈائیورسٹی جنکشن پر ایک فلائی اوور سے تیز رفتار کار کے گرجانے کے نتیجہ میں تشکیل دی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راو کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ شہر میں تمام فلائی اوورس کا جائزہ لیا جاسکے اور نہ صرف اس کمیٹی کی رپورٹ پر ہی بائیو ڈائیورسٹی فلائی اوور کو دوبارہ عوام کیلئے کھولا جائیگا ۔ واضح رہے کہ ہفتے کو ایک 104 کیلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے دوڑنے والی کار فلائی اوور سے گر گئی تھی جس کے نتیجہ میں ایک خاتون ہلاک اور دوسرے تین زخمی ہوگئے تھے ۔ وزیر موصوف نے شہر کے مئیر بی رام موہن اور دوسرے بلدی عہدیداروں کے ساتھ شہر سے متعلق مسائل پر ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 100 فٹ اوور بریجس کی تعمیر کے کاموں میں تیزی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کے ٹہرنے کے مقامات اور بس شیلٹرس بھی مقررہ وقت کے اندر تعمیرکئے جائیں گے ۔