فلائی اوور بریج سے تیز رفتار کار گرپڑی ، خاتون ہلاک

,

   

بس کے انتظار میں ٹہرے 6 مسافر بھی زخمی ، مہلوک خاتون کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا، 6 دن میں دوسرا حادثہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : شہر کے گچی باولی ہائی ٹیک سٹی علاقہ میں ایک کار فلائی اوور سے نیچے گر پڑی جس کے نتیجے میں ایک ستیہ وانی نامی خاتون ہلاک اور دیگر 6 شہری زخمی ہوگئے ۔ ہلاک اور زخمی شہری ایک درخت کے سائے میں بس کا انتظار کررہے تھے کہ اچانک نو تعمیر شدہ فلائی اوور بریج سے کار نیچے گرپڑی ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے عوام کا ہجوم جمع ہوگیا ۔ اس واقع کی اطلاع پاکر سائبر آباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سجنار جائے مقام پہونچیں گے ۔ کمشنر کا دفتر مقام حادثہ سے قریب پایا جاتا ہے ۔ اس فلائی اوور پر یہ پہلا حادثہ نہیں ہے بلکہ گذشتہ دنوں بھی ایک کار کی تیز رفتاری کے سبب 2 شہری ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔ بائیو ڈائیورسٹی پارک کے قریب تعمیر شدہ اس بائیو ڈرائیورسٹی فلائی اوور پر پیش آرہے حادثات خوف و دہشت کا سبب بنے ہوئے ہیں ۔کار چلانے والا آئی ٹی انجینئر بتایا گیا ہے جس کا نام کرشنا میلن (27 سالہ ) ہے ۔ جسے زخمی حالت میں دواخانہ میں شریک کیا گیا جس کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔ دیگر زخمیوں میں 40 سالہ بالراج ، 23 سالہ کبریٰ اور 26 سالہ پرنیتا (مہلوک خاتون کی دختر ) شامل ہیں ۔ حادثہ کی اطلاع کہ ساتھ مئیر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن اور ڈپٹی مئیر مسٹر بابا فصیح الدین نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا ۔

اور مئیر نے متوفی کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کردیا اور زخمی شہریوں کو معیاری علاج کا تیقن دیا ۔ اور تین دن تک فلائی اوور کو ٹیکنیکی بنیاد پر بند کردیا گیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کار کی تیز رفتار حادثہ کی وجہ بتایا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد نے مقام حادثہ پہونچکر راحت کاری کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ اور عینی شاہدین سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے بات چیت کی ۔ کار جو خواجہ گوڑہ سے ہائی ٹیک سٹی کی جانب نو تعمیر شدہ فلائی اوور سے گذر رہی تھی اچانک چوراہے کے قریب بریج سے نیچے گر پڑی تاہم تعجب کی بات تو یہ ہے کہ کار میں سوار افراد بالخصوص ڈرائیور کو معمولی زخم آئے ہیں ۔ کار زمین پر گرنے کے بعد درخت پر گری اور درخت کے سائے میں بس کا انتظار کررہے اس حادثہ میں ماں بیٹی پر آفت ٹوٹ پڑی اور حادثہ میں ستہ وینی نامی خاتون برسر موقع ہلاک ہوگئی جب کہ اس کی بیٹی شدید زخمی ہوگئے ۔ کیر ہاسپٹل کے میڈیکل پولیٹن کے مطابق جہاں تین زخمی زیر علاج ہیں ان میں 23 سالہ کیرا ، 38 سالہ بابو نائیک اور 27 سالہ ملن کرشنا کو شدید زخم آئے ہیں ۔ جن کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔ اس دوران سائبر آباد ٹرافک پولیس نے بھی اپنا بیان جاری کرتے ہوئے اس حادثہ کی اصل وجہ کو اوور اسپیڈ قرار دیا اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 6 دنوں میں بائیو ڈائیورسٹی فلائی اوور بریج پر سائبر آباد ٹرافک پولیس نے اوور اسپیڈ کے 550 مقدمہ درج کئے اور جرمانہ عائد کیے اور آج حادثہ کا شکار وکس ویاگن کار کی اسپیڈ بھی 105 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی ۔ جب کہ بریج پر 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے گذرنے کی اجازت ہے ۔ بلدیہ کی راحت کاری ٹیموں نے فوری طور پر مقام پر پہونچکر کار کی زد میں آنے والے درخت کو ہٹادیا اور سارے علاقہ کو بحال کردیا گیا ۔ اس حادثہ کے باعث ٹرافک جام رہی ۔ پولیس زخمیوں کی حالت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور فلائی اوور پر حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کرنے کی مشن جاری ہے ۔۔