فلائی اوور کی تعمیر اور سڑکوں کی توسیع میں عوام سے تعاون کی اپیل

   

عنبرپیٹ میں ترقیاتی کاموںکا جائزہ، مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کی عوام سے ملاقات
حیدرآباد: مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ عنبرپیٹ فلائی اوور کی تکمیل کیلئے بلدی حکام سے تعاون کریں۔ انہوں نے فلائی اوور کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عنبرپیٹ اور گول ناکہ علاقوں میں عوامی مسائل کی سماعت کی ۔انہوں نے کہا کہ تعمیری کاموں میں تاخیر کی اہم وجہ سڑک پر موجود مذہبی تعمیرات ہیں۔ انہوں نے مقامی افراد سے بات چیت کی اور سڑک کی توسیع کے علاوہ فلائی اوور کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا تیقن دیا۔ گزشتہ کئی برسوں سے عنبرپیٹ ٹریفک کے مسائل سے دوچار ہے اور سڑک کی توسیع کا کام شروع کیا گیا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ فلائی اوور کی تعمیر سے ٹریفک مسائل کا حل ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کے تعاون سے فلائی اوور کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 ء میں سنگ بنیاد رکھا گیا تھا لیکن فنڈس کی کمی کے باعث کام کا آغاز نہیں ہوسکا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ اراضی کا حصول ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پاس فنڈس کی کمی کے نتیجہ میں اراضی حاصل نہیں کی جاسکی۔ انہوں نے کہا کہ پائپ لائین کی تبدیلی اور 11 کے وی کیبل کے اخراجات مرکز کی جانب سے برداشت کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ میں ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں عنقریب اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت راستہ میں موجود مذہبی تعمیرات کو منتقل کرنے کیلئے بات چیت کر رہی ہے۔ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اراضی کے حصول کی درخواست کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر سے تلنگانہ کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔