عوامی اقتدار پروگرام کا آج سے آغاز ، محبوب نگر میں جائزہ اجلاس، ریاستی وزراء کا خطاب
محبوب نگر /27 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ویلفیر اسکیمات کے فوائد راست مستحقین تک پہونچانا ہی عوامی اقتدار ( پرجا پالنا) کا اہم مقصد ہے ۔ یہ وضاحت ریاستی وزیر صحت و ضلع انچارج سی دامودھر راج نرسمہا نے کی ۔ وہ آج محبوب نگر کے کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں منعقدہ متحدہ ضلع محبوب نگر کیلئے 28 ڈسمبر تا 6 جنوری منعقد شدنی ’’عوامی اقتدار پروگرام ‘‘سے متعلق اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ویلفیر اسکیمات عوام تک پہونچانے کی ذمہ داری عہدیداروں پر عائد ہوتی ہے ۔ لہذا وہ اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں اور کامیابی سے ہمکنار کریں۔ اس پروگرام کے دوران 6 ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے دیہاتوں اور بلدی وارڈس میں درخواستیں وصول کی جائیں گی ۔ اگر گرام سبھاس میں کوئی درخواست نہ دے سکا گھر پہونچ کر درخواست حاصل کریں۔ یہ ذمہ داری دیہاتوں میں پنچایت سکریٹری اور بلدی وارڈز میں میونسپل کمشنر پر رہے گی ۔ ریاستی وزیر آبکاری جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ ہم نے کئی قربانیوں کے بعد تلنگانہ حاصل کیا ۔ اب ہم اقتدار میں ہیں اور یہ اقتدار عوام کا ہے ۔ ضلع مشنری اب عوام کے گھر پہونچے گی ۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت دی ۔ گرام سبھا کے کاونٹر پر درخواست دیکر رسید حاصل کرلینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے تعاون سے پروگرام کامیاب کیا جائے ۔ ضلع کلکٹر ونپرتی نندلال پوار نے واقف کرایا کہ پروگرام کی کامیابی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ خواست فارم کی خانہ پری میں مشکل پیش آئے تو رہبری کی جائے گی ۔ ضلع کے کن مقامات پرکن تواریخ میں پروگرام ہوگا اس کی تشہیر کی جارہی ہے ۔ نارائن پیٹ کلکٹر سری ہرشا نے کہا کہ گرام سبھا کیلئے اسپیشل کاونٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ اجلاس سے محبوب نگر رکن پارلیمان منے سرینواس ریڈی نے کہا کہ عوام کو اس سے بھی واقف کروایا جائے گا کہ پروگرام پر عمل آوری کب سے ہوگی؟ ناگرکرنول رکن پارلیمان راملو نے کہا کہ آسرا پنشن اور مہا لکشمی اسکیم سے متعلق شبہات دور کئے جائیں ۔ ونپرتی ضلع پریشد چیرمین لوک ناتھ ریڈی نے سوال کیا کہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کب ہوگی ؟ مقامی ایم ایل اے این سرینواس ریڈی نے کہا کہ جو درخواستیں وقت کے اندر داخل نہ کی جاسکی ہوں بعد میں داخل کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا ۔ اجلاس میں متحدہ ضلع دیورکدرہ اچم پیٹ ، شادنگر ، گدوال ، مکتھل ، نارائن پیٹ کے ایم ایل ایز جی مدھو سدن ریڈی ، ومشی کرشنا ، ایرلہ پلی شنکر ، بی کرشنا موہن ریڈی ، سری ہری ، پرنیکا ریڈی نے بھی تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں جڑچرلہ ایم ایل اے ایزود وجئے یوڈو ، ایم ایل سی کے دامودھر ریڈی ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی، ایڈیشنل کلکٹر شوپندر پرتاب ، آر ڈی او موہن راؤ ، متحدہ ضلع کے تمام ایس پیز بھی شریک تھے ۔