فلاحی اسکیمات سے پوری ریاست کے عوام خوش

   

Ferty9 Clinic

شاد نگر میں شادی مبارک چیکس کی تقسیم، ریاستی وزیر سبیتااندرا ریڈی کا خطاب

شاد نگر۔ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات پورے ملک میں منفرد ہیں۔ تلنگانہ بھر کی عوام خوش ہیں ۔ ریاست کے ہر ایک طبقہ کی ترقی کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ فلاحی، ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں میں ریاستی حکومت دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ تلنگانہ حکومت وعدوں کو پورا کرنے والی حکومت ہے۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ ریاستی وزیر شریمتی سبیتا اندرا ریڈی نے شاد نگر کے کنڈلہ رام ریڈی گارڈن میں شادی مبارک، کلیان لکشمی چیکس تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ ریاست ہر ایک شعبہ میں ترقی کی سمت گامزن ہے۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے ذریعہ ابھی تک 7 لاکھ سے زائد مستحق افراد میں چیکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔کالیشورم پراجکٹ کی وعدہ کے مطابق تکمیل اور بہت جلد پالمور پراجکٹ، لکشمی دیو پلی پراجکٹ کو بھی عملی شکل دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 24 گھنٹے برقی سربراہی، مشن بھگیرتا، مشن کاکتیہ، وظیفہ کے علاوہ تعلیمی شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ رکن اسمبلی شاد نگر وائی انجیا یادو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خزانہ پر بھاری بوجھ پڑنے کے باوجود تلنگانہ حکومت نے عوامی اسکیمات کو روکا نہیں ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر شریمتی سبیتا اندرا ریڈی کے ہاتھوں شادی مبارک و کلیان لکشمی چیکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر آر ڈی او شاد نگر شریمتی راجیشوری، شاد نگر بلدیہ کمشنر شریمتی لاونیا، فرخنگر منڈل تحصیلدار پانڈو نائیک، شاد نگر بلدیہ چیرمین کے نریندر، کیشم پیٹ منڈل ایم پی پی روی کمار یادو، فرخنگر منڈل ایم پی پی خواجہ ادریس احمد، زیڈ پی ٹی سی وینکٹ رام ریڈی، مختلف منڈلوں سے وابستہ سرپنچ، ایم پی پی، ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی، مقامی بلدیہ کونسلر، وارڈ ممبران، مقامی ٹی آر ایس پارٹی قائدین، محکمہ مال کے عہدیدار اور دیگر موجود تھے۔