رکن اسمبلی راجیا کا متنازعہ بیان، انتخابی مہم کے دوران عوام بے چین
حیدرآباد: گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کی انتخابی مہم کے درمیان ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی راجیا نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے سیاسی حلقوں میں حلچل پیدا کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی رکنیت رکھنے والے افراد سرکاری اسکیمات سے استفادہ کے اہل ہیں۔ جنگاؤں کے ایک موضع میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے راجیا نے کہا کہ سرکاری سطح پر ویلفیر اسکیمات کا فیصلہ ٹی آر ایس کارکنوں کو پہلے ہوگا۔ پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں جوش و خروش پیدا کرنے کیلئے راجیا نے یہ بیان دیا تھا لیکن اپوزیشن جماعتوں نے بیان کی مذمت کی ہے۔ مقامی افراد نے بھی راجیا کے بیان پر اعتراض جتایا۔ عوام کے درمیان ٹی آر ایس رکن اسمبلی کا یہ بیان اپوزیشن کے الزامات کو درست ثابت کرنے کا سبب بنے گا جس میں اپوزیشن نے ہمیشہ الزام لگایا ہے کہ عوام حکومت کی اسکیمات سے محروم ہیں۔ حال ہی میں جنگاؤں کے رکن اسمبلی ایم یادگری ریڈی نے اسی طرح کا متنازعہ بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ڈبل بیڈروم مکانات صرف ٹی آر ایس کارکنوں کو الاٹ کئے جائیں گے ۔ پرکال کے رکن اسمبلی دھرما ریڈی نے بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو نااہل قرار دیتے ہوئے بیان دیا تھا۔ بعد میں انہیں بیان پر معذرت خواہی کرنی پڑی۔ تینوں ارکان اسمبلی کا تعلق متحدہ ورنگل ضلع سے ہے جہاں گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے انتخابی مہم عروج پر ہے۔