75 فیصد میونسپلٹیز پر قبضہ ، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ
کا ردعمل
حیدرآباد ۔13 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بلدی انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنانے پر رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ عوامی حکومت کی فلاحی اسکیمات نے پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر و ریاستی وزراء کی محنت کے نتیجہ میں 75 فیصد سے زائد میونسپلٹیز پر کانگریس کو کامیابی ملی ہے ۔ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مہم کو عوام نے مسترد کردیا ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی دونوں کو 25 فیصد سے زائد میونسپلٹیز میں کامیابی نہیں ملی ہے ۔ نظام آباد کارپوریشن نے بی جے پی کی جانب سے فرقہ وارانہ مہم کے باوجود کانگریس کے بہتر نتائج رہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی عوام کانگریس پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 100 سے زائد نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس کو 75 فیصد سے زائد نشستوں پر کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں حکومت کی کارکردگی نے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد دی جنہوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے کامیابی کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 4 میونسپل کارپوریشنوں پر کانگریس کا واضح طور پر قبضہ ہوا ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کامیابی سے مزید ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے حکومت شہری علاقوں کی ترقی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی پر توجہ مبذول کرے گی ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات جاری رہیں گی۔1