وعدوں کی تکمیل میں تلنگانہ ملک کے لیے رول ماڈل، لیجسلیچر پارٹی اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔/15 اپریل، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام میں مسرت کی لہر پائی جاتی ہے اور کانگریس حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔ بھٹی وکرامارکا آج کانگریس لیجسلیچر پارٹی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات کے استفادہ کنندگان میں اطمینان پایا جاتا ہے۔ حکومت نے ایک سال کی مدت میں کئی تاریخی اقدامات کئے جو انتخابی وعدوں کی تکمیل کا حصہ ہیں۔ کسانوں کی قرض معافی کے طور پر 21 ہزار کروڑ جاری کئے گئے۔ راشن کارڈز پر باریک چاول کی سربراہی ، اندراماں ہاوزنگ، راجیو یووا وکاسم، ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اسکولس، 56 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات، 8000 کروڑ سے راجیویووا وکاسم، باریک چاول کی فصل پر فی ایکر 500 روپئے بونس اور اندراماں آتمیا بھروسہ اسکیمات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی سروے کے ذریعہ پسماندہ طبقات کے تحفظات میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری میں تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست بن چکی ہے۔ انتخابات سے قبل راہول گاندھی نے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا تھا جس کی ریونت ریڈی حکومت نے تکمیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کی بھلائی کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے کانگریس حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور بی آر ایس حکومت کی اسکیمات اور ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گچی باؤلی اراضی معاملہ میں اپوزیشن کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ 1