نوٹری دستاویزات کے رجسٹریشن کی عاجلانہ تکمیل، عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔28۔ اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے حکومت کی مختلف فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے ضلع کلکٹرس اور محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ چیف سکریٹری نے آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر تقاریب کے اختتام، ہریتا ہرم ، بھیڑ بکریوں کی تقسیم ، بی سی اور اقلیتی طبقات کو ایک لاکھ روپئے کی امدادی اسکیم ، گروہا لکشمی ، دلت بندھو ، پنشن کی اجرائی ، نوٹری اراضیات کے رجسٹریشن اور دلت و قبائل میں اراضی کی تقسیم جیسی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے ہریتا ہرم پروگرام کے تحت ایک کروڑ پودوں کی شجرکاری کے نشانہ کی تکمیل پر ضلع کلکٹرس کو مبارکباد پیش کی۔ آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر شجرکاری مہم چلائی گئی تھی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ شجرکاری کی یہ مہم ستمبر کے دوسرے ہفتہ تک جاری رہے گی۔ چیف سکریٹری نے جی او 84 کے تحت نوٹری دستاویزات کے رجسٹریشن پر عمل آوری سے متعلق معلومات حاصل کی۔ انہوں نے اسکیم پر عمل آوری کیلئے بڑے پیمانہ پر مہم اور درخواستوں کی وصولی کے علاوہ رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے جی او 59 کے تحت اراضیات کے رجسٹریشن کی طئے شدہ فیس وصول کرنے کی ہدایت دی۔ شانتی کماری نے حکومت کے احکامات کے مطابق تقررات کا عمل جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری اینمل ہسبنڈری آدھار سنہا ، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ دوبریال ، پرنسپل سکریٹری ریونیو نوین متل ، پرنسپل سکریٹری بی سی ویلفیر بی وینکٹیشم ، پرنسپل سکریٹری یوتھ سرویسز شیلجا رمیار ، سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو ، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا ، کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس ، کمشنر ٹرانسپورٹ جیوتی بدھا پرکاش اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔