ہر مستحق کو اسکیم سے فائدہ ہو، محکمہ پلاننگ کے عہدیداروں کے ساتھ ونود کمار کا اجلاس
حیدرآباد: تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے محکمہ پلاننگ کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسکیم پر منصوبہ بند عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے حکومت کے مقررہ نشانوں کی تکمیل جاسکتی ہے۔ محکمہ پلاننگ اور ریونیو کے عہدیداروں اور ملازمین کی تنظیموں نے ونود کمار سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر محکمہ پلاننگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ ونود کمار نے کہا کہ گاؤں ، منڈل سے ریاستی سطح تک مختلف محکمہ جات کو حکومت کی اسکیمات پر دلجوئی سے عمل کرنا ہوگا تاکہ عوام تک اسکیمات کے فوائد پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر ترقیاتی اور فلاحی اسکیم کے فوائد گاؤں گاؤں تک ہر مستحق خاندان کو حاصل ہوں ۔ انہوں نے 2021 ء کی مالیاتی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا ۔ ونود کمار نے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ محکمہ میں درپیش مسائل کی جلد یکسوئی کی جائے گی ۔ جے اے سی کے صدرنشین کے وینکٹیشورلو ، سکریٹریٹی جنرل بی وینو مادھو ، سکریٹری جی نرسمہا چاری ، نائب صدر ڈی شیوا کمار ، ہری کرشنا ، سرینواس اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔