جتنا رائے دہندوں کو ڈرایا جائے گا اتنی بی آر ایس کی اکثریت میں اضافہ ہوگا
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی خود کو کسی جنگ جیتنے والے بادشاہ تصور کررہے ہیں۔ بی آر ایس کو ووٹ دینے پر فلاحی اسکیمات ختم کردینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس طرح ڈرانے دھمکانے پر ووٹرس کی جانب سے دم کاٹ دینے کا انتباہ دیا۔ آج تلنگانہ بھون میں تلگودیشم قائدین نے تلنگانہ بھون پہنچ کر بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ شکست کے خوف سے چیف منسٹر عوام کو دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس کے دوسالہ دورحکومت میں بدعنوانیوں کے نئے ریکارڈس قائم ہوئے ہیں۔ انتخابات میں عوام سے وعدے کرنا اس کے بعد فراموش کردینا کانگریس کی عادت ہے۔ وعدوں کو یاد دلانے پر فلاحی اسکیمات سے محروم کردینے کی دھمکیاں دینا نیا رجحان بن گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو جوبلی ہلز میں کانگریس کی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے جس کے بعد غنڈہ گردی شروع کردی گئی۔ پہلے کانگریس امیدوار نوین یادو نے رائے دہندوں کو ووٹ نہ دینے پر جوبلی ہلز کے علاقے میں نہ رہنے دینے کی دھمکی دی ہے۔ کل انتخابی مہم چلاتے ہوئے چیف منسٹر نے فلاحی اسکیمات کٹ کردینے کی دھمکی دی ہے۔ اب کافی دیر ہوگئی ہے۔ ان دھمکیوں کا کوئی اثر ہونے والا نہیں ہے۔ کانگریس کی جانب سے رائے دہندوں کو جتنا ڈرایا جائے گا بی آر ایس کی اکثریت میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ کانگریس نے پورا نہیں کیا ہے۔ جوبلی ہلز میں کانگریس کی شکست پر ہی حکومت نیند سے بیدار ہوگی لہٰذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں بی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے۔2