فلاحی اسکیمات کے غیر مستحق استفادہ کنندگان کے بارے میں عنقریب فیصلہ

   

حیدرآباد۔/14 جولائی، (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری محکمہ جات اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری اسکیمات کے غیر مستحق استفادہ کنندگان سے رقومات کی وصولی یا نوٹس کی اجرائی کے سلسلہ میں کوئی کارروائی نہ کریں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز، سکریٹریز، اسپیشل سکریٹریز کے علاوہ ضلع کلکٹرس کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر مستحق استفادہ کنندگان کے بارے میں حکومت کی جانب سے گائیڈ لائینس کی اجرائی تک نوٹس یا پھر رقومات کی وصولی کا کوئی قدم نہ اٹھائیں۔ حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ مختلف فلاحی اسکیمات میں کئی غیر مستحق افراد کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ حکومت نے اسکیمات پر موثر عمل آوری اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات کا جائزہ لیا ہے تاکہ حقیقی استفادہ کنندگان تک فوائد پہنچ سکیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں تفصیلی مباحث کے بعد اس سلسلہ میں حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فلاحی اسکیمات کے حقیقی استفادہ کنندگان تک امدادی رقومات پہنچانے کو یقینی بنانے کیلئے عنقریب گائیڈ لائنس جاری کرے گی۔ واضح رہے کہ کئی اضلاع میں غیر مستحق استفادہ کنندگان کا پتہ چلنے کے بعد عہدیداروں نے نوٹسیں جاری کرتے ہوئے رقومات کی وصولی کی کارروائی شروع کی ہے۔ میڈیا نے عہدیداروں کی اس کارروائی کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد چیف سکریٹری شانتی کماری نے احکامات جاری کرتے ہوئے اس طرح کی کارروائیوں پر روک لگادی ہے۔1