فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل

   

ملک کی نظریں کے سی آر کی قیادت پر، بی آر ایس کے اجلاس سے وزیر داخلہ محمود علی کا خطاب

حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کے سی آر حکومت نے آسرا پنشن میں بھاری اضافہ کیا ہے جبکہ 2014 سے قبل محض 200 روپئے وظیفہ دیا جاتا تھا۔ کے سی آر حکومت نے بیواؤں، بنکروں، ایڈز کے مریضوں اور معمرین کیلئے ہر ماہ 2016 روپئے وظیفہ مقرر کیا ہے جبکہ جسمانی طور پر معذورین کیلئے ماہانہ 3016 روپئے وظیفہ دیا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ آج حلقہ اسمبلی کاروان میں بی آر ایس کے آتمیہ سمیلن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس عوامی پارٹی ہے اور بلالحاظ مذہب وملت عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود اس کا مقصد ہے۔ گذشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ نے مثالی ترقی کی۔ ملک کی کوئی اور ریاست تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ کے چندر شیکھر راؤ سیکولر قائد ہیں اور ملک بھر میں ان کی مقبولیت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ ملک کی کسی ریاست میں بے سہارا تنہا خواتین کیلئے وظائف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد گجرات ماڈل کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ گجرات میں عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں۔ ملک بھر میں صرف تلنگانہ ہی رول ماڈل ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریں کے سی آر کی قیادت پر ہیں اسی لئے بی آر ایس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے اقلیتوں کیلئے اقامتی اسکولوں کے قیام، اوورسیز اسکالر شپس، شادی مبارک، فیس ری ایمبرسمنٹ، سیول سرویسس کی مفت کوچنگ اور دیگر اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی کیلئے بی آر ایس حکومت نے مثالی اقدامات کئے ہیں۔ اس موقع پر انچارج کاروان جیون سنگھ، رکن کونسل ایم ایس پربھاکر، سابق کارپوریٹر ایم کرشنا، کے وینکٹیش اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر