فلاحی کاموں کو وزراء سیاسی رنگ دے رہے ہیں: وشویشور ریڈی

   

سرکاری اسکول کے پرنسپل کو نوٹس کی اجرائی افسوسناک، بنیادی سہولتوں کا فقدان
حیدرآباد۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی، سابق وزیر پرساد کمار اور مہیلا کانگریس کی صدر این شاردا نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین اور وزراء سماجی خدمات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کونڈا وشویشور ریڈی نے کہا کہ کونڈا مادھوریڈی فائونڈیشن کی جانب سے 26 نومبر کو رضاکارانہ خدمات سے متعلق پروگرام ایک اسکول میں منعقد کیا گیا تھا۔ خواتین کے تحفظ اور مظالم کی روک تھام کے سلسلہ میں شعور بیداری اور طلبہ میں بہتر تعلیمی نتائج کے لیے فائونڈیشن کی جانب سے رہنمائی کی گئی۔ اسکولی طلبہ میں بلانکٹس تقسیم کئے گئے ا ور بیت الخلائوں کو صاف ستھرا رکھنے کی مہم چلائی گئی لیکن اس پروگرام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ریاستی وزیر کے دبائو میں اسکول کو وجہ نمائی نوٹس جاری کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غیر سیاسی پروگراموں پر ریاستی وزراء کی برہمی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مسائل پر سیاست ضرور کی جاسکتی ہے لیکن ہر مسئلہ پر سیاست کرنا مناسب نہیں۔ فائونڈیشن کے ذریعہ مختلف فلاحی کام انجام دیئے جاتے ہیں۔ اسکولی طلبہ کے لیے پروگرام کے انعقاد کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وشویشور ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور صحت و صفائی کے ناقص انتظامات ہیں۔ اس سلسلہ میں شعور بیداری مہم کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین سے کہا کہ مسائل پر سیاست کریں لیکن عوام اور خاص طور پر غریب طلبہ کی بھلائی کے اقدامات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ فائونڈیشن کے پروگرام میں مختلف سرکاری اسکولوں کے 1600 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ میں ہیلتھ کٹس تقسیم کئے گئے۔ اس پروگرام میں شرکت کی اجازت دینے سے ناراض سرکاری عہدیداروں نے اسکول کے پرنسپل کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وجہ نمائی نوٹس کے پس پردہ ریاستی وزیر اور ٹی آر ایس کے قائدین ہیں۔ انہوں نے ٹی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کی غیر سیاسی سرگرمیوں کی بڑھ کر حوصلہ افزائی کریں تاکہ سماج کی بہتری ہو۔