30 ویں یدھ ویر فاونڈیشن ایوارڈ تقریب ۔ وندیتا راؤ اور رام موہن راؤ کو ایوارڈ سے نوازا گیا
حیدرآباد۔30اپریل(سیاست نیوز)وزیرصحت ٹی ہریش رائو نے کہاکہ سماجی فلاحی کاموں میںبڑھ چڑ ھ کر حصہ لینے والوں کیلئے ایوارڈ تقریب حوصلہ افزائی کام کرتی ہے۔ ہریش راؤ 30 ویں یدھ ویر فاونڈیشن ایوارڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے اس سال کے ایوارڈ یافتہ گان شریمتی وندیتا رائو اور ای رام موہن رائو کو وہ 30 سال سے جانتے ہیں جہاں پر یدھ ویر فاونڈیشن کا یہ تیسواں ایوارڈ تقریب ہے وہیںدیہی ترقی فاونڈیشن ( آر ڈی ایف) قائم ہوئے بھی 30 سال ہوگئے ۔ انہوں نے کہاکہ سدی پیٹ حلقہ کے جس علاقہ میںآر ڈی ایف اپنااسکول چلاتا ہے وہاں پر عام آدمی تو کیاپولیس والے بھی جانے گھبراتے تھے۔ ایسے وقت میںرام موہن رائو نے وہاں اسکول کی بنیاد ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ آج مرکز ی یاریاستی حکومتیں اسکولوں میںدوپہر کے کھانے کاانتظام کررہی ہیںمگر 30 سال قبل ہی آر ڈی ایف نے اپنے اسکول میںمیڈ ڈے میلس متعارف کروادیاتھا۔ہریش رائو نے بتایاکہ دونوں ایوارڈ یافتہ گان اپنی آمدنی کا پچیس فیصد حصہ آر ڈی ایف کو بطور عطیہ پیش کرتے ہیں۔ ہریش رائو نے کہاکہ قابل مبارکباد پیش ہیںیدھ ویرفاونڈیشن کے ذمہ داران جو ہر سال اس تقریب کا انعقاد کرتے ہیں۔ انہوںنے ویسے بھی آج تلنگانہ کی عوام کے لئے ایک اورمسرت کادن ہے ۔ آ ج نئے سکریٹریٹ کا افتتاح ہمارے ہر دلعزیز چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے ہاتھوں عمل میں آیاہے ۔ یہ سکریٹریٹ ہمارے ماضی کی عکاسی کرتا ہے ۔ صحت کے شعبہ میںسارے ملک میںتلنگانہ پانچویں مقام پر تھا مگر جب سے میںنے شعبہ صحت کی ذمہ داری سنبھالی ہے اسکو تیسرے مقام پر لایاہوں اور کوشش ہے کہ دوسرے یاپہلے مقام پرتلنگانہ کو لائوں۔انہوں نے کہاکہ اب چونکہ ہندی میلاپ سارے ملک میں شائع ہوتا ہے لہذا بی آر ایس حکومت کے کارناموں کودوسری ریاستوں تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی ہندی میلاپ پر عائد ہوتی ہے ۔ تقریب کی چیرپرسن محترمہ ارونا بہوگنا ریٹارئرڈ آئی پی ایس نے خیر مقدمی خطاب میں ایوارڈ یافتہ گان کا تعارف کروایا اور فائونڈیشن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ بے خوف انداز میںسماجی انصاف کی وکالت کرتے ہوئے آر ڈی ایف نے اپنے نصاب میںکھیل کود اور سماجی بیداری کو شامل کیا۔ سکریٹری فاونڈیشن ویما ویر نے مہمانوں کا تعارف کروایا اور شکریہ جنا ب عامر علی خان نے ادا کیا۔ یدھ ویر فاونڈیشن کا 10اپریل1991کو قیام عمل میں آیاجس کامقصد مجاہد آزادی یدھ ویر جی کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ اس کے قیام کااہم مقصد سماجی اورفلاحی شعبوں میںخدمات انجام دینے والوں کیلئے اعزاز پیش کرنا ہے۔ فاونڈیشن کے ٹرسٹیوں میں ارونا بہوگنا ریٹائرڈ ائی پی ایس( چیر پرسن)‘ جناب عامر علی خان( روزنامہ سیاست)‘ ترون کمار جھاور‘ ونئے ویر اور ویما ویر(سکریٹری ) ہیں۔
نئے سکریٹریٹ میں چیف منسٹر کا آج پہلا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نوتعمیر شدہ سکریٹریٹ میں کل یکم مئی سے باقاعدہ سرکاری مصروفیات کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر نے یکم مئی کو 12 بجے دن کانفرنس ہال میں پالمورلفٹ اریگیشن اسکیم پر وسیع تر جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں کریوینا اور ادنداپور ذخائر آب سے نارائن پور، کوڑنگل اور وقارآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ضلع کے وزراء، ارکان اسمبلی، چیف منسٹر کی سکریٹری سمیتا سبھروال، سکریٹری اریگیشن رجت کمار کے علاوہ فینانس اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔