فلسطین، اسرائیل تنازعہ کی یکسوئی ضروری

,

   

اسرائیل کے ساتھ بحرین کی دوستی مشرق وسطیٰ کیلئے امن کی نئی صبح

وزیرخارجہ بحرین عبداللطیف الزیانی کی یروشلم میں آمد
زیراعظم بنجامن نتن یاہو اور پومپیو سے ملاقات

یروشلم: وزیرخارجہ بحرین عبداللطیف الزیانی کی قیادت میں ایک وفد آج اسرائیل پہنچا۔ وفد نے وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو بھی موجود تھے۔ تینوں قائدین کی ملاقات کے دوران وزیرخارجہ بحرین نے اسرائیل پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کو تیز کیا جائے۔ امن کے قیام سے ہی دونوں جانب کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ پومپیو نے اسرائیل اور بحرین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دوستی ایک جرأتمندانہ اقدام ہے۔ ان ملکوں کے درمیان مذہبی آزادی سے زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو بیت المقدس میں عبادت کی آسانی ہوگی۔ وزیراعظم نتن یاہو بحرین اور اسرائیل کی دوستی کے تعلق سے کہا کہ دونوں ممالک کو ماضی کا احترام کرتے ہوئے مستقبل کی طرف پیشرفت کرنے کی ضرورت ہے اور عصری معیشت کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔ وزیرخارجہ بحرین الزیانی نے کہا کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان راست پروازوں کا 2021ء کے اوائل میں آغاز ہوگا۔ سب سے پہلے مسافر طیارے تل ابیب پہنچیں گے۔ بعدازاں علایت اور حیفا بھی جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کارگو طیارے بھی چلیں گے۔ یکم ؍ ڈسمبر سے اسرائیلیوں کیلئے فری ویزا کا آغاز کریں گے اور اسرائیل بھی بحرینی عوام کیلئے ویزے جاری کرے گا۔ انہوں نے بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کے ساتھ توقع ظاہر کی کہ اسرائیل اور فلسطینی عوام کے درمیان بھی امن قائم ہوگا۔ یہ مشرق وسطیٰ کیلئے امن کی نئی صبح کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دونوں فریقین پر زور دیتا ہوں کہ وہ بات چیت کی میز پر آئیں اور دو قومی حل نکالنے کی کوشش کریں۔ جیسا کہ عالمی برادری چاہتی ہیکہ اسرائیل اور فلسطین مل جل کر رہیں۔ اسرائیل کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل الون اوشپز نے اسرائیلی آرمی ریڈیو کو بتایا کہ حکام منامہ میں دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت پر کام کریں گے۔ دورہ کے دوران حکام فضائی سفر، ویزہ دینے اور سفارتخانوں کو کھلنے پر دونوں ممالک کے حکام بات چیت کریں گے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اوی برکوٹز بھی اس پرواز میں موجود تھے۔گذشتہ ستمبر سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ثالثی سے اسرائیل، بحرین، متحدہ عرب امارات اور سوڈان کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوئے۔