واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کے لیے امریکہ میں ہونے والے مظاہروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں جاری مظاہرے جمہوریت کا حصہ ہیں۔ واشنگٹن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ مظاہروں کو عوامی حق سمجھتے ہوئے اس کا دفاع کرتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی پولیس کے کریک ڈاؤن کے باوجود امریکی یونیورسٹی اور کالجوں میں غزہ جنگ کے خلاف طلبا کے مظاہرے دوسرے ہفتہ بھی جاری رہے۔ کولمبیا یونیورسٹی میں فلسطینی حامی احتجاجی کیمپ ہٹانے کیلئے ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔ یونیورسٹی کے صدر کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جس میں پیشرفت ہوئی ہے۔ متعدد امریکی تعلیمی اداروں میں جاری مظاہروں پر کریک ڈاؤن کے دوران 550 سے زائد گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی احتجاجی کیمپ کا دورہ کرنے والی امریکی ڈیموکریٹک کانگریس رکن الہان عمر نے کہا کہ نوجوانوں نے ہمیشہ امریکی حکومت کو بہتر کرنے کیلئے زور دیا ہے، چاہے وہ شہری حقوق کی تحریک کے ذریعہ ہو، چاہے وہ ویتنام کی جنگ کو ختم کرنے کیلئے ہو۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین غزہ میں نسل کشی میں شریک نہ ہونے پر امریکہ پر دباؤ ڈالنے میں تاریخ کے درست جانب ہیں۔