حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر نشین انمول گروپ آف کمپنیز محمد سلیم نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کے لیے عید الفطر سادگی سے منائیے اور اپنی دعاؤں میں انہیں شامل رکھیں ۔ انمول گروپ آف کمپنیز کی جانب سے آج ریڈ روز پیالیس روبرو پبلک گارڈن نامپلی میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں ، صدر نشین ریاستی حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ کے علاوہ علمائے مشائخین بھی موجود تھے ۔ سابق رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم نے کہا کہ عید سادگی سے مناتے ہوئے اور اپنے ان فلسطینی بھائیوں اور بچوں کا تصور کریں جو اسرائیل کی درندگی کا شکار ہیں ۔ 7 اکٹوبر سے اب تک تقریباً 35 ہزار فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملوں میں 75 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں ۔ اسرائیل فلسطینیوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔ جب کہ ان کے پاس کھانے کو کھانا اور پینے کو پانی نہیں ہے ۔ علاج کے لیے جو ہاسپٹلس ہوا کرتے تھے ان کو بھی تباہ و برباد کردیا گیا ہے ۔ فی الوقت ہمارے فلسطینی بھائیوں کی جان و مال آل و اولاد خطرے میں ہے ۔ اسرائیل نے ظلم و جبر کا بازار گرم کررکھا ہے ۔ غزہ کی 80 فیصد آبادی بے گھر ہوگئی ۔ 80 فیصد مکانات زمین دوز ہوچکے ہیں ۔ شہدا میں بچوں اور خواتین کی اکثریت ہے ۔ ان حالات میں آپ تصور کریں کے ماہ رمضان المبارک ہمارے فلسطینی بھائی کس طرح گذار رہے ہوں گے ۔ اگر ہم ان کے لیے کچھ نہیں کرسکتے تو کم از کم انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھ سکتے ہیں اور ان کے ساتھ اظہار یگانگت کے لیے عید الفطر سادگی سے منا سکتے ہیں ۔ اس طرح کے اقدامات کے ذریعہ اپنے فلسطینی بھائیوں کو یہ پیغام دے سکتے ہیں اس مصیبت کی گھڑی میں ہم ہندوستانی آپ کے ساتھ ہیں ۔ افطار سے قبل مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ سید احمد غوری نقشبندی معاون صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے فضائل رمضان المبارک بیان کیا اور نماز مغرب کی امامت کی ۔ تقریب کا آغاز خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاوز نامپلی مولانا حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ علماء مشائخین میں مولانا سید محمد نجم الدین قادری ، مولانا شاہ محمد صوفی مظفر علی ابوالعلائی ، مولانا منیر الدین مختار ، مولانا محی الدین ابوالعلائی ، مولانا سید خضر پاشاہ قادری ، مولانا سید کلیم اللہ حسینی کاشف پاشاہ ، مولانا ڈاکٹر محمد ذوالفقار محی الدین صدیق ، مولانا محمد نور الدین قادری کے علاوہ بی آر ایس کے قائدین شریف الدین ، مقیت چندہ بھی موجود تھے ۔۔ 2