فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف کُل جماعتی جلسہ عام

   

غزہ کی ناکہ بندی کی مذمت، عزیز پاشاہ اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( سیاست نیوز) فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت اور یہودی سازش کے خلاف مختلف پارٹیوں کی جانب سے احتجاجی جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ حمایت نگر کے راج بہادر گوڑ ہال میں منعقدہ جلسہ عام میں سی پی آئی، سی پی ایم، کانگریس اور تنظیم انصاف کے قائدین نے شرکت کی اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حملوں اور غزہ کی ناکہ بندی کی مذمت کی۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے ذریعہ غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی اور ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ فلسطینی عوام کو پانی، غذا، ادویات، ایندھن اور دیگر سہولتوں سے محروم کردیا گیا ہے اور خواتین و بچے ادویات کی کمی کے باعث دواخانوں میں علاج کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد اپنی جان بچانے کیلئے نقل مقام کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مسلسل حملوں کے جواب میں فلسطینیوں نے مزاحمت کی ہے۔ اسرائیلی حملوں میں 2200 افراد ہلاک اور 3418 افراد زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنی زمینی افواج کو حملے کیلئے تیار کررہا ہے۔ مسجد اقصیٰ پر کنٹرول حاصل کرنا اور 30 سال قبل کئے گئے اوسلو معاہدہ کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ نتن یاہو اور ان کے پیشرو حکمرانوں نے کبھی بھی قیام امن پر توجہ نہیں دی۔ کامریڈ ڈی جی نرسنگ راؤ، سکریٹریٹ ممبر سی پی آئی نے اسرائیل کی کھلے عام تائید پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بی جے پی حکومت ملک کی روایات سے انحراف کررہی ہے۔ محمد افضل ایڈوکیٹ و صدر تنظیم پکار نے غزہ کی ناکہ بندی کی مذمت کی اور کہا کہ عوام مسائل کا شکار ہیں۔ کانگریس قائد عثمان الہاجری نے اسرائیلی جارحیت کی مختلف مثالیں پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی نوجوانوں کو فوج کی جانب سے اذیتیں دی جارہی ہیں۔ صدر تنظیم انصاف منیر پٹیل نے اسرائیلی افواج کے غیر انسانی سلوک کی مذمت کی۔ جلسہ عام سے ثناء اللہ صدر ایس سی ایس ٹی و مسلم فرنٹ، ایس اے منان، نجیب خاں اور دوسروں نے مخاطب کیا۔