فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف یکم نومبر کو سوشلسٹ یونٹی سنٹر آف انڈیا کے مظاہرے

   

حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سوشلسٹ یونٹی سنٹر آف انڈیا (کمیونسٹ ) سنٹرل کمیٹی نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یگانگت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکم نومبر کو ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ سنٹرل کمیٹی کے جنرل سکریٹری پرواش گھوش نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی مدد سے اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں پر مظالم اور حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ دنیا بھر کے عوام اسرائیلی حملوں کی مذمت کررہے ہیں۔ حملوں میں سینکڑوں بچے، خواتین ، نوجوان اور ضعیف العمر افراد کی روزانہ موت واقع ہورہی ہے۔ مکانات، ہاسپٹلس اور دیگر عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کھنڈر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ غزہ میں پانی، غذا، برقی اور ادویات کی سربراہی روک دی گئی اور اسرائیل کا یہ اقدام ہٹلر کے مظالم کی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں جنگ روکنے سے متعلق قرارداد کی منظوری کے وقت ہندوستان کی غیر حاضری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ہندوستانی عوام روایتی طور پر امن پسند ہیں اور اسرائیل کی بربریت کے خلاف ہیں۔ امریکہ اور بعض دیگر طاقتیں اسرائیل کی تائید کررہی ہیں جو شرمناک ہیں۔ رائے دہی سے ہندوستان کی غیر حاضری امریکی سامراج سے ہندوستان کی قربت کا ثبوت ہے۔ سوشلسٹ یونٹی سنٹر آف انڈیا نے ملک کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی حملوں اور تباہی کے خلاف یکم نومبر کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کریں۔