واشنگٹن ۔ 20 اکتوبر (ایجنسیز) غزہ جنگ بندی میں کردار ادا کرنے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کْشنر نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل مشرقِ وسطیٰ میں ضم ہونا چاہتا ہے تو اسے فلسطینیوں کو ترقی اور کامیابی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ جیرڈ کشنر نے امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران کہا کہ ہم اسرائیلی قیادت کو جو سب سے اہم پیغام دینا چاہتے ہیں وہ یہ کہ اب جب جنگ ختم ہو چکی ہے تو اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے فلسطینی عوام کی بہتری اور ترقی کے لیے کوئی راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثالثوں کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اب تک حماس نیک نیتی کے ساتھ معاہدہ پر عمل پیرا ہے اگرچہ یہ صورتحال کسی بھی وقت بدل سکتی ہے لیکن اس وقت حماس اپنے معاہدہ پر عمل کرنے کی کوشش کرتی نظر آ رہی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی اور امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اورجیرڈ کْشنرکا آج اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔
