مشترکہ بیان جاری کرنے پاکستان کی تجویز کی متفقہ طور پر حمایت پر زور
نیویارک:اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے نیو یارک میں ایک اجلاس میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان جاری کرنے کی پاکستان کی تجویز کی متفقہ طور پر حمایت کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں ترکی اور سعودی عرب کے سفیروں کی جانب سے بھی اس صورتحال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو متحرک کرنے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔او آئی سی کے مندوبین نے اقوام متحدہ میں اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے رکن ممالک کا ایک بنیادی گروپ تشکیل دیا، پاکستان اس گروپ کا ایک اہم رکن ہے۔ایک علیحدہ پیش رفت میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں تشدد بڑھنے پر ‘سخت تشویش’ کا شکار ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر (او ایچ سی ایچ آر) نے فضائی حملوں اور مظاہرین اور اسرائیلی پولیس کے درمیان کئی روز سے جاری جھڑپوں کے بعد ‘پرسکون بحالی کی کوششوں کو دوگنا کرنے’ کی اپیل کی ہے۔او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں نے اسرائیلی جارحیت پر اپنا غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں یہ ہنگامی اجلاس منعقد کیا اور مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی جانب سے ‘وحشیانہ’ قوت کے استعمال کی مذمت کی