استنبول : ترکی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کیلئے فلسطینیوں کی حمایت ترک نہیں کریں گے۔ انقرہ سے ترک وزیرخارجہ میولود چاوش نے کہا کہ ترکی فلسطینی ریاست کے لیے اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اسرائیل سے تعلقات کا کوئی بھی اقدام فلسطینی کاز کی قیمت پر نہیں ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کچھ دیگر ممالک کی طرح فلسطینی کاز کی قیمت پر نہیں ہوگی۔ میولود چاوش نے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں ترکی کا مؤقف واضح ہے۔ دو ریاستی حل کیلئے دونوں ممالک سے رابطے سے ترکی کا کردار بڑھ سکتا ہے۔ فلسطین سے متعلق ترکی اپنے بنیادی اصولوں سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔خبرایجنسی کے مطابق فلسطین سمیت متعدد معاملات پر ترکی اور اسرائیل میں کئی سال سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ حالیہ دنوں میں اسرائیل کی نئی حکومت کے ساتھ ترکی کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ کا اگلے ماہ دورہ ترکی بھی متوقع ہے۔