قاہرہ : مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنا ظلم ہے اور مصر اس ظلم میں شامل نہیں ہوگا۔مصر سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق، صدر السیسی نے دارالحکومت قاہرہ میں کینیا کے صدر ولیئم روٹو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں کو غزہ سے مصر اور اردن میں منتقل کرنے کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے السیسی نے کہا ہے کہ “فلسطینی عوام کو جلاوطن یا بے گھر کرنا ایک ظلم ہے اور ہم اس ظلم میں شامل نہیں ہوں گے”۔السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی مصر میں منتقلی ہماری قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہوگا۔ میں یہ بات خاص طور پر جلاوطنی سے متعلقہ افواہوں کے تناظر میں کہہ رہا ہوں۔ مصر کی قومی سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا اور ہم دو ریاستی حل پر مبنی امن کے حصول کے لیے صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں”۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ کے فلسطینیوں کو اردن اور مصر سمیت عرب ممالک میں منتقل کرنے کا خیال پیش کیا تھا۔