فلسطینیوں کے گھروں پر اسرائیل کیگولہ باری،19 فلسطینی جاں بحق

   

غزہ : اسرائیلی فوج کی جانب سے رات بھر غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں کیے گئے حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 19 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وافا کے مطابق، غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر خان یونس میں ابو دقہ خاندان کے گھر پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ایک ماں اور اس کا بچہ جاں بحق ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے ماواسی کے علاقے خان یونس میں فلسطینیوں کے خیموں پر فائرنگ کی جہاں متعدد بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دی گئی ہے۔غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیا شہر میں اسرائیلی فوج کی جانب سے حمود خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں 11 فلسطینی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے وسطی علاقوں میں مغازی پناہ گزین کیمپ میں الدباکی خاندان کے گھر کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 3 فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ کے علاقے تل الزطر میں سلمان خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے وسطی علاقوں میں واقع نصرت پناہ گزین کیمپ میں الجدیلی خاندان کے گھر پر بمباری سے متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں تل الحوا، عز زیتون اور الصابرہ کے محلوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا جبکہ ڈرون بھی اس علاقے میں نچلی پروازیں کرتے رہے۔