فلسطینی اتھاریٹی کی حماس سے اتحاد پررضامندی

   

برلن : فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے اتحاد پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔جرمنی کے شہر میونخ میں سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ کا کہنا تھا کہ روس نے حماس سمیت فلسطین کے دیگر تمام گروپوں کو ماسکو مدعو کیا ہے۔ فلسطینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینی اتھاریٹی کچھ شرائط کیساتھ حماس سے اتحاد چاہتی ہے۔ ہمیں فلسطین کے اتحاد کی ضرورت ہے۔ فلسطینی وزیراعظم کے مطابق شرائط میں مزاحمت سے متعلق مسائل پر تفہیم بھی شامل ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ آیا حماس ہمارے ساتھ آنے کو تیار ہے یا نہیں۔ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن حماس تیار نہیں تو یہ ایک الگ بات ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے غزہ کے علاقے رفح میں بے گھر فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں۔
اسرائیلی بمباری سے کل سے اب تک مزید 127 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے ہاسپٹل میں 200 مریض پھنسے ہیں اور اسرائیلی فوج امدادی ٹیم کو اندر نہیں جانے دے رہی۔