فلسطینی بچے کے قاتل کو 53 سال کی سزا

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن : امریکہ میں 6 سالہ فلسطینی نژاد امریکی بچے کو چاقو گھونپ کر قتل کرنے والے 73 سالہ شخص کو جرم ثابت ہونے پر 53 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جج ایمی برٹانی ٹومزاک نے ریاست الینوائے کے رہائشی جوزف زوبا کے خلاف قتل کیس کا فیصلہ سنایا۔ 14 اکتوبر 2023 کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے چند دن بعد مجرم جوزف زوبا نے اپنی کرایہ دار فلسطینی خاتون حنان شاہین اور 6 سالہ بچے پر حملہ کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مجرم حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد طیش میں آیا اور حنان شاہین کے گھر پہنچا، اس نے زبردستی گھر میں گھسنے کی کوشش کی اور خاتون کا گلا گھونٹا۔ حنان شاہین بھاگ کر باتھ روم کی طرف بڑھیں اور 911 پر کال کرنے کی کوشش کی لیکن اس دوران مجرم نے انہیں چاقو کے پے در پے ایک درجن سے زائد وار سے لہو لہان کیا جبکہ ان کے بچے کو 26 بار چاقو گھونپا جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ عدالت میں 911 پر حنان شاہین کی جانب سے کی گئی کال کی آڈیو سنائی گئی جس میں وہ انتہائی گھبرائی ہوئی تھیں، خاتون نے خود مجرم کے خلاف گواہی دی۔