یروشلم ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کی پولیس نے جمعہ کے روز بتایا کہ جمعرات کے روز جس فلسطینی نوجوان کو گولی ماری گئی تھی وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے بتایا کہ نوجوان نے پولیس افسران پر حملہ کیا تھا۔ فلسطین کی وزارت صحت نے نوجوان کی شناخت 20 سالہ محمد عبید کی حیثیت سے کی ہے اور یہ بھی بتایا کہ عبید دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ اسرائیلی پولیس نے اس پر عیساویا علاقہ میں گولی چلائی تھی۔ پولیس کے ترجمان مکی روز نفلیڈ نے بتایا کہ عیساویا پر پولیس نے غیرمعلنہ دھاوے کئے تھے جس کے بعد متوفی نوجوان نے پولیس پر آتشی گولے برسائے تھے جس کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسے گولی ماری گئی تھی اور وہ جمعہ کے روز زخموں سے جانبر نہ ہوسکا جبکہ چار فلسطینی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ متوفی عبید قبل ازیں اسرائیلی جیل میں سزاء بھی کاٹ چکا ہے۔