فلسطینی ریاست کا قیام واحد حلپوٹن

   

ماسکو : روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اسرائیل۔فلسطین تنازعہ کا واحد اور دیرپا حل ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کو قرار دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، صدر پوٹن نے ماسکو میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی مسائل اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے دوران روس اور قطر کے درمیان 2 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس موقع پر قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر خطہ میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ روسی صدر پوٹن نے بھی ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل۔ فلسطین تنازع کا مستقل اور واحد حل فلسطینی ریاست کا قیام ہی ہے۔ دونوں قائدین نے شام کے لیے ایک آزاد، خودمختار اور متحد ریاست کے قیام کی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔