رملہ: فلسطین کے صدر محمود عباس نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں میں اصول و ضوابط اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں اور فلسطینیوں پر مظالم بند کرنے پر مجبور کرے۔سرکاری بیان کے مطابق محمود عباس نے یہ مطالبہ امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن کے ساتھ فون پر بات چیت کے دوران کیا۔بات چیت کے دوران محمود عباس نے انتھونی بلنکن کو شہروں، دیہاتوں اور کیمپوں میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت، محاصرے، قتل، گھروں کی مسماری، اور بستیوں کی توسیع کے بارے میں آگاہ کیا۔امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے فلسطینی صدر محمود عباس کو بتایا کہ ان کی حکومت اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان خاص طور پر مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں حالیہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کوششیں اور اسرائیل سے رابطے کر رہی ہے۔بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ دونوں محمود عباس اور انتھونی بلنکن نے مستقبل میں بھی باہمی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔