فلسطینی علاقہ میں اسرائیلی بستی کی تعمیر غیر قانونی : گوٹیرس

   

اقوام متحدہ، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی بستی کی تعمیراتی سرگرمیوں کا‘کوئی قانونی جواز’ نہیں ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔مسٹر گوٹریس نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بین الاقوامی دن کے پیش نظر چہارشنبہ کو اپنے پیغام میں کہا ’’عالمی برادری کے سامنے اسرائیل۔ فلسطین تنازعہ کو حل کرنا اہم چیلنجوں میں سے ایک ہے ۔ افسوس کی بات ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں اس سلسلہ میں کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوئی اور واقعتاً حالات اور خراب ہوتے چلے گئے‘‘۔سیکریٹری جنرل کی نمائندہ ماریا لوئزا ربیریو ویوٹي نے اس بین الاقوامی دن کے پیش نظر فلسطینیوں کے حقوق کے سلسلہ میں اقوام متحدہ کمیٹی کی جانب سے منعقد ایک اجلاس میں مسٹر گو ٹریس کا یہ پیغام پڑھا’’۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ غیر قانونی بستیوں کی تعمیر، فلسطینی مکانوں کی تباہی اور غزہ میں بڑھتے تنازعات کو روکنا ہوگا۔ یہ تمام کام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر ایک فلسطینی ملک کی قبولیت کو کمزور کرنے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔