یروشلم، 9 اگست (یواین آئی) فلسطین کی قومی ٹیم کے سابق فٹ بال کھلاڑی سلیمان ال عبید اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔ فلسطین فٹ بال اسوسی ایشن نے کہا کہ 40 سالہ سلیمان جنوبی غزہ میں انسانی امداد کے انتظار میں اسرائیلی فوج کے حملے میں مارے گئے ۔ وہ فلسطینیوں میں ’پیلے‘ کے نام سے مشہور تھے ۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور پانچ بچے ہیں۔ سلیمان العبید نے اپنے فٹ بال کیریئر کا آغاز الخدمت الشاطی سے کیا، بعد میں وہ مغربی کنارہ پر مرکز شباب العامری اور غزہ اسپورٹ کیلئے کھیلے ۔ اس دوران انہوں نے 100 سے زائد گول کئے ۔ یہیں سے سلیمان کو ’پیلے‘ کا عرفی نام ملا۔ پی ایف اے نے کہا کہ سلیمان نے 2007 میں فلسطین کیلئے کھیلنا شروع کیا اور 24میچ کھیلے اور دو گول کئے ۔ ان میں سے ایک گول 2010 ویسٹ ایشین فٹ بال فیڈریشن چمپئن شپ کے دوران یمن کے خلاف کینچی کک کے طور پر کیا گیا تھا۔ پی ایف اے نے کہا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک کھیلوں کے شعبے سے وابستہ 662 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں فٹبال کمیونٹی کے 321 افراد شامل ہیں۔