یروشلم : اسرائیل کی نفحہ جیل میں فلسطینی قیدیوں نے 2اہل کاروں پر حملہ کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نفحہ جیل کے سیکشن 10 کے ایک قیدی نے 2وارڈروں پر اس وقت حملہ کیا جب اسے جیل کے کلینک میں منتقل کیا جا رہا تھا۔ عبرانی میڈیا کے مطابق فلسطینی قیدی نے دونوں اہل کاروں پر تابڑ توڑ مکے برسائے۔ واقعے کے بعد جیل میں کشیدگی پھیل گئی اور جیل انتظامیہ نے جیل کو بند کرکے فوج طلب کر لی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بیروت میں ذہنی معذور فلسطینی شہری کو القدس زندہ باد کا نعرہ لگان پر انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیوکلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 25 سالہ معذور فلسطینی محمد مرشد عجلونی نے القدس زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ نعرہ سنتے ہی اسرائیلی فوجی اس پر پل پڑے اور اسے لاتوں، مکوں اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔