تاجدارِ مدینہؐ کانفرنس سے مولانا فاروق خاں رضوی، مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری، مولانا اقبال احمد رضوی کے خطابات
حیدرآباد ۔25۔اکتوبر (راست) عالم اسلام کے تمام مسلمانوں پر یہ فرض ہوچکا ہے کہ قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حفاظت کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات کریں۔ تمام عرب ممالک اپنی خاموشی کو توڑیں اور بارگاہِ رب العزت میں دعاگو ہے کہ رب تعالیٰ اپنے حبیب پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے میں اسرائیل کے غاصب یہودیوں کو نیست و نابود کردے ، مسلمانان فلسطین کو نصرت و فتح عطا فرمائے۔ ان خیالات کا اظہار مدینہ نگر ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام تاجدار مدینہ کانفرنس و جشن غوث الوری منعقدہ 21 اکتوبر بعد نمازِ عشاء مدینہ نگر (بی) بلاک یاقوت پورہ سے مہمان مقرر علامہ محمد فاروق خاں رضوی ، صدر انٹرنیشنل سنی حنفی آرگنائزیشن (ناگپور) نے کیا ۔ کانفرنس کی سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی، صدارت مولانا سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی ، نگرانی علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے کی ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم فیضی نظامی (صدر مدینہ نگر ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی) نے استقبال کیا۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری بابا محی الدین قادری کی قرأت سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں محمد شہباز رضا قاری محبیبی، محمد محسن بابا ، داود عطاری نے ہدیہ نعت و منقبت پیش کی ۔ نظامت کے فرائض محمد عبدالمنان اشرفی نے انجام دیئے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد شاہد اقبال قادری (صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ، سید اعزاز محمد قادری ، عبیداللہ سعدی قادری شرفی نے شرکت کی ۔ مولانا نے کہا کہ آج ہر مسلمان کا فرض ہوچکا ہے وہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر سختی سے عمل پیرا ہوں، نیز حضور غوث اعظمؒ کی حیات مبارکہ کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی ترویج و اشاعت میں اپنا حصہ ادا کریں۔ علامہ سید شاہ عزیز اللہ قادری (سابق شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ) نے کہا کہ ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کریں، ادب و اخلاق سکھیں ، والدین ، اساتذہ و علماء و مشائخین کا ادب کریں، دینی تعلیم کی طرف توجہ دیں۔ حضور غوث پاکؒ کی سیرت مبارکہ پر عمل کرنے کی کوشش کریں ۔ علامہ اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی اہمیت و فضیلت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے ۔ عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کیلئے بیت المقدس مسجد اقصیٰ اور فلسطینی عظمت والے مقامات ہیں۔ ہر مسلمان اپنی ہر نماز میں رب تعالیٰ کے حضور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے وسیلہ سے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ ڈاکٹر محمد عبدال نعیم فیضی نظامی نے کہا کہ عصر حاضر میں اسلام دشمن عناصر ہر طرف مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر لگے ہوئے ہیں لیکن رب تعالیٰ نے ایمان والوں کی مدد و نصرت کا حکم قرآن میں فرمادیا ہے۔ اگر آج سارے عالم کے مسلمان فلسطین کی مدد کیلئے آگے آئیں اور معصو و نہتے شہیدوں کا بدلہ لیں تو پھر کوئی ظالم مسلمانوں کی طرف نگاہ کرنے کی کوشش نہ کرے گا ۔ آخر میں شرکاء نے مسجد قباء میں دو رکعت صلوٰۃ الحاجت ادا کی گئی ۔ فلسطینی مسلمانوں کیلئے رقت انگیز دعاء کی گئی ۔ صلوٰۃ و سلام پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا۔ شیخ جہانگیر ، ڈاکٹر منصور احمد خان ، شیخ قادر علی ، سید سردار فہد بن خالد العمودی ، محمد عبدالمقتدر علی ، شیخ جہانگیر، سید عبدالم اجد ، سید ریاض الدین نے انتظامات کئے ۔