بنجول :سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی، محفوظ انسانی راہداریوں اور فلسطینیوں کے جائز حقوق بشمول حق خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گیمبیا میں 15 ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کی۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کانفرنس ’اسلامی اتحاد و یکجہتی برائے ترقی‘ سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ نے او آئی سی کی تنظیم نو، ترقی اور اصلاحات پر بھی زور دیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ’اسلامی تعاون تنظیم کے قیام سے آج تک ایجنڈہ میں مسئلہ فلسطین اولین ترجیح رہا ہے‘۔’فلسطینی بھائیوں کو ان کا حق دلوانے اور ان پر ہونے والے مظالم کے خاتمہ کیلئے ملت اسلامیہ کی آواز ہے۔‘وزیر خارجہ نے مزید کہا ’جب سے غزہ میں حملے شروع ہوئے مملکت نے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کی امداد کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر فوری اور مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کیلئے کوششوں کا آغاز کیا، متاثرین کی امداد کیلئے بھی روز اول سے مہم شروع کی گئی۔علاوہ ازیں فلسطینی بھائیوں کی مشکلات کو ختم کرنے اور وہاں ایک مستقل اور آزاد ریاست کے قیام کیلیے مختلف محاذوں پر کوششیں کی گئی ہیں۔شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ’ مملکت مسلمانوں کو متحد کرنے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ مختلف نوعیت تنازعات کے حل اور علاقائی و عالمی امن وسلامتی کے حصول کیلئے ہرسطح پرکوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دہشت گردری سے نمٹنے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔