فلسطین اور سیاہ فام شخص کیلئے آئی سی سی کی دہری پالیسی

   

Ferty9 Clinic

لندن ۔کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کی جانب سے ایک قوم کی حمایت سے متعلق دوہرا معیار سامنے آگیا۔ آئی سی سی نے امریکی سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی موت پر مظاہروں کی حمایت میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کے لئے شرٹس پر بلیک لائیو میاٹرز مہم کی حمایت کی اجازت دیدی۔ آئی سی سی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بلیک لائیوز میاٹر کے لوگو والی شرٹ پہن کر ٹسٹ میچز کھیلے گی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت برطانیہ میں موجود ہے، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹسٹ سیریز میں مدِ مقابل ہوگی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2014 میں انگلینڈکے کھلاڑی معین علی نے فلسطینی قوم کی حمایت میں سیو غزہ کا بینڈ پہن کر میچ کھیلا تھا۔ ہندوستان کے خلاف اس ٹسٹ میچ کے دوران معین علی کے رسٹ بینڈکی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد آئی سی سی نے انہیں فلسطینی قوم کی حمایت کو سیاسی رنگ دے کر انہیں بینڈ پہننے سے روک دیا تھا۔ اس وقت آئی سی سی نے کہا تھا کہ کرکٹ کونسل قوانین کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میچز کے دوران کپڑوں یا دیگر چیزوں پر سیاسی، مذہبی یا نسلی بیانات دکھانے سے روکتے ہیں۔خیال رہے کہ امریکہ میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے جوجلد ہی بلیک لائیوز میاٹر کی مہم اختیارکر گئے جس میں کئی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔