فلسطین فلسطینیوں کا ہے، کوئی طاقت ہمیں بے دخل نہیں کرسکتی

   

فلسطینی سفارت خانہ میں ’نکبہ‘ کے 77 سال کی تکمیل پر منعقدہ تقریب سے فلسطینی سفیر کا خطاب

یروشلم ؍ نئی دہلی ۔17 مئی (یواین آئی) ہندوستان میں فلسطینی سفیرعبداللہ محمد اے ابو سویش نے کہاکہ فلسطینیوں کو اپنے علاقوں سے بے دخل کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا کیونکہ فلسطین فلسطینیوں کا ہی ہے اور اس کی سالمیت اور تقدس کو قائم رکھنے کے لیے ہم آخری دم تک جدوجہد کریں گے ۔ یہاں فلسطین سفارت خانے میں نکبہ کے 77 سال پورے ہونے اور بے باک صحافی شیریں ابو عاقلہ کی شہادت کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہاکہ فلسطینیوں نے دہائیوں سے غاصبانہ طاقتوں کے خلاف مقابلہ کیاہے اور حالانکہ اس کے لیے ہمیں ہزاروں لوگوں کی قربانیاں دینی پڑیں لیکن ہمیں کوئی اپنے وطن عزیز سے بے دخل نہیں کرسکتا۔ موصوف سفیر نے کہاکہ فلسطین کی سرزمین پر اسرائیل کے ناجائز قبضہ کے خلاف اپنے حق کیلئے ہمارا احتجاج اور ہماری لڑائی جاری رہے گی اور صہیونیوں کے ذریعہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جارہے ظلم وستم کی المناک داستان ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بھی بتائیں گے ۔ ہر سال 15 مئی کو منائے جانے والے نکبہ جسے فلسطینی قیامت کبریٰ بھی کہتے ہیں، کے دن فلسطینی سڑکوں پر نکلتے ہیں۔ ان میں سے بہت سے ایک قیمتی آثار کو تھامے ہوئے ہوتے ہیں جسے بہت سے خاندانوں نے نسل در نسل اپنے پاس محفوظ رکھا ہوا ہے ۔ اُن کے ہاتھوں میں اُن کے ان گھروں کی چابیاں ہوتی ہیں جہاں سے انھیں 77 سال قبل اسرائیل کے معرض وجود میں آنے کے بعد نکال دیا گیا تھا اور پھر وہ کبھی وہاں لوٹ کر نہ جا سکے ۔ اسی مناسبت سے فلسطینی سفارتخانہ میں منعقدپروگرام میں فلسطینی سفیر نے 77سال پہلے صہیونی آبادکاروں کے ہاتھوں لاکھوں فلسطینی عوام کی انکے گھروں سے بے دخلی اور ہزاروں لوگوں کے قتل کا ذکر کرتے ہوئے وہی چابی دکھائی ہے جو کئی نسلوں سے ہوتے ہوئے انکے ہاتھ میں آئی ہے ۔ سفیر عبداللہ محمد اے ابو سویش نے مزید کہاکہ اسرائیل کی تازہ وحشیانہ فوجی کارروائی میں سیکٹروں صحافیوں کی بھی موت ہوچکی ہے اور ان میں معروف خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ بھی شامل ہیں جنکی موت کے تین سال مکمل ہوگئے ہیں اور جنھیں اپنے فرائض انجام دیتے وقت اسرائیل کی فوج نے بے رحمی سے قتل کردیاتھا۔انکا قصور یہ تھا کہ وہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے مظالم کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے لانے کی ہرممکن کوشش کرتی تھیں ۔فلسطینی سفیر نے مزید کہاکہ وہ یہ چابی اپنی آنے والی نسلوں کے سپردکریں گے تاکہ انھیں معلوم ہوسکے کی انکے آباواجداد کو کس طرح سے صہیونیوں نے انکی ہی سرزمین سے بے دخل کردیا۔