انڈوعرب لیگ حیدرآباد کے زیر سرپرستی انٹرنیشنل ذوم کانفرنس۔ جناب وقارالدین اور رفیق احمد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جون ۔ ( سیاست نیوز ) ۔ یروشلم پر اسرائیل کے قبضہ کی 53ویں برسی کے موقع پر اتوار 7؍جون 2020ء کو القدس انٹرنیشنل الکٹرانک کیمپین ڈے منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر انڈوعرب لیگ حیدرآباد کے زیر سرپرستی منبرالاقصیٰ اسوسی ایشن کے زیر اہتمام القدس انٹرنیشنل ذوم کانفرنس منعقد ہوگی ۔ جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے اہم شخصیات القدس کی بازیابی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کریںگے۔ یہ بات آج جناب سید وقارالدین چیرمین انڈوعرب لیگ حیدرآباد نے اپنی قیام گاہ پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ منبرالاقصیٰ اسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر برائے انڈین چیاپٹر جناب سید رفیق احمد اور ایونٹ منیجر سید خالد شہباز اس موقع پر موجود تھے۔ جناب سید وقارالدین نے جو اس ذوم (ویڈیو) کانفرنس میں کلیدی خطبہ پڑھیںگے بتایا کہ مفتی اعظم فلسطین علامہ عکرمہ سعید صابری کے نمائندہ کے علاوہ الشیخ سمیر سعیدنمائندہ ممبر اقصیٰ انٹرنیشنل فائونڈیشن ریسرچ اسکالر القدس اسٹیڈیز، ڈاکٹر رائد فتحی (شہر القدس)پروفیسر اسلامی اسٹیڈیز، ہیڈ آف سپریم قونصل برائے افتاء، فلسطین اس کانفرنس سے خطاب کریںگے۔ جناب سید وقارالدین نے منبرالاقصیٰ اسوسی ایشن کی ستائش کی جو دنیا بھر میں یوم القدس کا اہتمام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7؍جون 1967ء تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ جس دن اسرائیل نے فلسطین پر قبضہ کرتے ہوئے لاکھوں فلسطینیوں کو ان کی اپنی سرزمین سے بے دخل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ القدس کی بازیابی ہمارا اولین فریضہ ہے۔ اس کے لئے انڈوعرب لیگ حیدرآباد اُسی دن سے احتجاج اور جدوجہد کررہی ہے جس دن سے اس پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انڈوعرب لیگ حیدرآباد کا یوم تاسیس بھی یہی ہے کیوں کہ فلسطین پر قبضے کے خلاف انہوں نے اپنے بڑے بھائی مرحوم جناب سید لطیف الدین قادری کے ساتھ مکہ مسجد میں احتجاجی جلسہ کا اہتمام کیا تھا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کرتے ہوئے یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے القدس کی بازیابی کیلئے جدوجہد کا اعلان کیا تھا۔ اقوام متحدہ نے اس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اسے مسلمہ حیثیت دی ہے۔ جناب رفیق احمد کوآرڈنیٹر منبر اقصیٰ اسوسی ایشن نے بتایا کہ ان کی تنظیم کا ہیڈ کوارٹر ترکی میں ہے۔ دنیا بھر کی 150سے زائد تنظیمیں القدس کی بازیابی کیلئے ایک متحدہ پلیٹ فارم پر کوشاں ہیں۔ سوشیل میڈیا کا استعمال کیا جائے گا۔ ویڈیو کانفرنس اور Webinars منعقد ہوںگی۔ سید خالد شہباز کوآرڈینیٹر نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔