فلسطین پر مظالم انسانیت کے خلاف جرم

   

ملک کی نامور مسلم تنظیموں کے قائدین کا ردعمل
حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ملک کی نامور مذہبی اور ملی تنظیموں کے ذمہ داروں نے فلسطین بالخصوص غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معصوم انسانی جانوں بالخصوص بچوں اور خواتین کی ہلاکتوں پر افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے آبادیوں کو غذا، پانی، ادویات اور بجلی سے محروم رکھتے ہوئے شہری علاقوں پر مسلسل بمباری اور غزہ کے انخلاء کی کوششوں کی مذمت کی۔ امیر جماعت اسلامی جناب سید سعادت اللہ حسینی، صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، صدر جمیعۃ العمائے ہند مولانا سید ارشد مدنی، صدر جمعیۃ العلمائے ہند مولانا سید محمود اسعد مدنی، صدر آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ مولانا سید محمد اشرف کچھوچھوی، مہتمم دارالعلوم دیوبند مولانا ابوالقاسم نعمانی، امیر جمعیت اہلحدیث مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، امیر امارت شریعہ بہار جناب سید احمد ولی فیصل رحمانی، صدر جماعت اہل سنت کرناٹک مولانا سید تنویر ہاشمی، سابق صدر کل ہند مسلم مجلس مشاورت ڈاکٹر ظفرالاسلام خاں، امام شاہی مسجد فتحپوری ڈاکٹر مفتی مکرم احمد، جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل ڈاکٹر محمد منظور عالم اور امام شیعہ جامع مسجد مولانا محسن نقوی نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے فلسطینیوں پر مسلسل مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحانہ پالیسی علاقہ میں امن و امان کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ عالمی برادری فوری حرکت میں آئے اور خون ریزی کے سلسلہ کو روکے۔ ہندوستان کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک کی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ قائدین نے غزہ کے ہاسپٹل پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔