فلسطین کیلئے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں :سعودی

,

   

سعودی کابینہ کے اجلاس میں اہم امور پر تبادلہ ، کورونا کے بعد کے حالات کا جائزہ
ریاض ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صدارت میں سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے ملک اور بین الاقوامی سطح پررونما ہونے والے حالات کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی معاملات زیر غور آئے۔سعودی پریس ایجنسی نے قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی کے حوالے سے کہا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں شرکا نے مملکت کی عالمی اورعرب ممالک کی سطح پرامن و امان ، پائیدار ترقی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کے حوالے سے ملنے والے مقام کو سراہا۔کابینہ کے اجلاس میں عرب و عالمی حالات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مملکت اورجمہوریہ مصرکے مابین ہونے والے سیاسی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کئے جانے والے نکات پرکمیٹی کے اعلامیہ کو مدنظر رکھتے ہوئے غور کیاگیا۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کابینہ کے اجلاس میں فلسطین کے مسئلے پر بھی اپنے اصولی موقف کی تائید کی گئی جس پر مملکت ہمیشہ سے قائم رہا ہے۔اجلاس میں شرکا نے اس امرکی یقین دہانی کروائی کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے دور سے آج تک فلسطین کے حوالے سے مملکت کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اجلاس میں اس امر کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مملکت ہمیشہ کی طرح آج بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور فلسطینی اراضی پر اسرائیل قبضے کے خلاف ہے جو بین الاقوامی قوانین کی بھی صریح خلاف ورزی اورخطے میں مستقل امن کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔کابینہ کے اجلاس میں یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے کی جانے والی مسلسل سرحدی خلاف ورزیوں اور ڈرون حملوں کی بھی بھرپور مذمت کی گئی۔اجلاس میں مختلف اعلی سطحی فیصلے بھی کئے گئے جن میں جاپان کے ساتھ دوطرفہ سیاحت کے فروغ کیلئے وزیر سیاحت یا انکے نائب کو بات چیت کرنے کا اختیار دیاگیا۔کابینہ کے اجلاس میں روزگارکے حوالے سے لیبر مارکیٹ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔