یروشلم :اسرائیل نے سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے لیے اعلان کردہ سفیر کے لیے یروشلم میں سفارتی مقام دینے سے انکار کردیا ہے۔میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے فلسطین کے لیے اپنے غیر مقیم سفیر کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا جو مقبوضہ بیت المقدس کے لیے قونصل جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دے گا۔عمان میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق یہ سفارتی ذمہ داری اردن میں تعینات سفیر نائف السدیری ادا کریں گے، جب کہ سعودی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بھی اس بیان کی تصدیق کی ہے۔یہ تقرر فلسطین کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے جہاں فلسطین اس جگہ پر اپنی آزادی اور مشرقی یروشلم کو اپنا دارالحکومت بنانے کا مطالبہ کرتا رہا ہے جس پر 1967 کی جنگ کے بعد اسرائیل نے قبضہ کر لیا تھا۔اسرائیل، یروشلم کو اپنا دارالحکومت سمجھتا ہے جسے 2017 میں اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں امریکہ نے تسلیم کیا تھا لیکن دوسری عالمی طاقتوں نے اسے تسلیم نہیں کیا تھا، مگر اس کے باوجود اسرائیلی حکام نے شہر میں فلسطینیوں کی سفارتی سرگرمیوں پر پابندی لگائی ہوئی ہے۔