فلسطین کی تائید میں احتجاج کی اجازت نہ دینے پر تنقید

   

حیدرآباد۔/29 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں فلسطینی عوام کی تائید میں احتجاجی ریالی کی اجازت نہ دینے پر تنظیم خیر امت کے صدر منیر الدین مجاہد نے احتجاج کیا۔ جمعہ کے دن یاقوت پورہ سے دارالشفاء تک احتجاجی ریالی کیلئے مسلم تنظیموں کی جانب سے درخواست دی گئی تھی لیکن پولیس نے لمحہ آخر میں اجازت سے انکار کیا۔ منیر الدین مجاہد نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان روایتی طور پر فلسطین کا حامی رہا ہے۔ مہاتما گاندھی نے فلسطینیوں کی سرزمین حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے لیکن حکومت پرامن احتجاج کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یگانگت کریں اور اسرائیل کو غزہ پر حملوں سے باز رکھنے کیلئے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کریں۔ منیر الدین مجاہد نے حیدرآباد میں پرامن احتجاج کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔