مرکزی حکومت کے موقف پر تنقید، سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری جان ویسلی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 2اکتوبر (سیاست نیوز) فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے دو سال کی تکمیل کے موقع پر بائیں بازو کی جماعتوں نے فلسطینی عوام سے اظہار یگانگت کیلئے 7 اکتوبر کو حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر ریالی منظم کرنے کا اعلان کیا ۔ سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری جان ویسلی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی پر زور مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور غزہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ادویات اور غذا کی منتقلی کو روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ غذا اور دواؤں کی قلت کے نتیجہ میں کئی اموات واقع ہوئی ہے۔ بائیں بازو جماعتوں نے فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کیلئے حیدرآباد میں ریالی منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریالی میں بائیں بازو جماعتوں کے قائدین کے علاوہ سیکولر اور جمہوری پارٹیوں اور تنظیموں کے نمائندے، سماجی جہد کار اور رضاکارانہ تنظیموں کے قائدین شرکت کریں گے ۔ انہوں نے عوام سے ریالی میں بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کی اکثریت میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ، باوجود اس کے صیہونی طاقت کی جانب سے مظالم کا سلسلہ جاری ہے ۔ جان ویسلی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے درمیان طئے شدہ معاہدہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کا مقصد غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرتے ہوئے علاقہ پر غیر قانونی قبضہ جمانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی مدد اور مکمل سرپرستی کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں غزہ کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ غزہ کی عدم دستیابی کے نتیجہ میں بچوں اور ضعیف افراد کی موت واقع ہوئی ہے جس نے دنیا کو ہلاکر رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل منصوبہ بند سازش کے تحت فلسطینیوں کا صفایا کر رہا ہے ۔ ہاسپٹلس اور پناہ گزین کیمپوں کو بمباری کا نشانہ بنانا غیر انسانی اور شرمناک ہے۔ سی پی ایم سکریٹری نے وزیراعظم نریندر مودی کے موقف کو موافق اسرائیل قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان نے اپنی روایتی پالیسی سے انحراف کرلیا ہے۔ امریکی صدر کے دباؤ میں اسرائیل کی تائید کی جارہی ہے ۔ جان ویسلی نے کہا کہ سی پی ایم اور بائیں بازو کی جماعتیں عنقریب مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔1