فلسطین کی صورتحال پر او آئی سی کی وزارتی کمیٹی کا آج اجلاس

,

   

دبئی ۔ فلسطین بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کے لیے مسلم ممالک کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ایک بیان میں تنظیم کی جانب سے بتایا گیا کہ او آئی سی کے سربراہ نے اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر طلب کیا ہے جو وزرائے خارجہ کی سطح کا ہے۔یہ اجلاس اتوار 16 مئی 2021 کو ورچوئلی منعقد ہوگا جس میں فلسطینی سرزمین بالخصوص القدس شریف پر اسرائیلی جارحیت اور مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی افواج کی پر تشدد کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔خیال رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) میں اسرائیلیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں اور دیگر پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جبکہ اس دوران دنیا کے 3 بڑے مذاہب کے لیے انتہائی مقدس شہر میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔مقبوضہ بیت المقدس میں جمعہ (7 مئی) سے جاری پرتشدد کارروائیاں سال 2017 کے بعد بدترین ہیں جس میں یہودی آبادکاروں کی جانب سے مشرقی یروشلم میں شیخ جراح کے علاقے سے متعدد فلسطینی خاندانوں کو بے دخل کرنے کی طویل عرصے سے جاری کوششوں سے کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ۔