فلسطین کی صورتحال کی آڑ میں تشدد بھڑکانے کی کوششوں پر کڑی نظر

   

لاء اینڈ آرڈر کو یقینی بنانا جموں و کشمیر پولیس کی ذمہ داری ۔ فلسطین کی صورتحال پر عوامی ناراضگی کا احساس ہے : آئی جی پی

سرینگر : کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس ان لوگوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے جو فلسطین کی موجودہ صورتحال کو کشمیر میں ’’امن و قانون کی صورتحال بگاڑنے‘‘ کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیام امن و قانون کو یقینی بنانا جموں و کشمیر پولیس کی ذمہ داری ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے غم و غصے کو کشمیر کی سڑکوں پر تشدد اور امن و قانون کو درہم و برہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا ہے ۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا:جموں و کشمیر پولیس ان عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے جو فلسطین کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا کر کشمیر میں امن و قانون کی صورتحال بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ایک پیشہ ور فورس ہیں اور عوامی ناراضگی کے تئیں حساس ہیں۔ان کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا: قیام امن و قانون کو یقینی بنانا جموں وکشمیر پولیس کی ذمہ داری ہے تاہم عوامی غم و غصے کو کشمیر کی سڑکوں پر تشدد اور امن و قانون کو درہم و برہم کرنے کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔موصوف نے ٹویٹ میں کہا کہ اظہار رائے کی آزادی ضرور ہے لیکن سڑکوں پر تشدد بھڑکانا غیر قانونی عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کئے جانے والے تاثرات جن سے امن و قانون کی صورتحال میں رخنہ پڑنے کا احتمال ہو یا جو کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی ہوں، اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔بتا دیں کہ فلسطین پر جاری اسرائیلی حملوں کی کشمیر کی سیاسی و مذہبی جماعتیں مذمت کر رہی ہیں۔ نیز اہلیان وادی ان حملوں کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔