فلسطین کی پہلی خاتون ٹیکسی ڈرائیور

,

   

Ferty9 Clinic

رملہ ۔ مشرق وسطی ملک فلسطین کی پانچ بچوں کی والدہ کی جانب سے گزربسر کے لیے ٹیکسی چلانے کے عمل کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ فلسطین کے علاقے غزہ پٹی کی 39 سالہ پانچ بچوں کی ماں نائلہ ابوجبہ نے مالی مشکلات سے بچنے اورگزر بسر کے لئے گزشتہ ہفتے ہی ٹیکسی چلانا شروع کی ہے۔ خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے نائلہ ابو جبہ نے کہا ہے کہ ان کی ایک سہیلی ہیئر ڈریسرکاکام کرتی ہیں، جن سے انہوں نے ایک دن مشورہ مانگا کہ اگر وہ خواتین کے لیے ٹیکسی خدمات شروع کرے تو کیسا رہے گا؟ نائلہ ابو جبہ نے کہا کہ ان کی سہیلی نے ان کے مشورے کو لاجواب قرار دیتے ہوئے انہیں جلد سے جلد کام شروع کرنے کا حوصلہ دیا۔ پانچ بچوں کی کفیل نائلہ ابو جبہ کے مطابق جب کچھ عرصہ قبل ان کے والدکی وفات ہوگئی تھی تو انہوں نے دیگر اہل خانہ کے ہمراہ مل کرکار خریدی تھی، جسے اب وہ بطور ٹیکسی چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عام سواری نہیں لیتی بلکہ پہلے سے بکنگ شدہ افرادکو ایک سے دوسری منزل تک پہنچاتی ہیں اور زیادہ تر ان کی بکنگ پہلے سے ہی ہوجاتی ہے۔ نائلہ ابو جبہ کے مطابق وہ خواتین کو بال بنوانے کے لیے بیوٹی پارلر لے جانے سمیت انہیں شاپنگ کے لیے مارکیٹ اور بازاروں سمیت شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے بھی لے جاتی ہیں۔