فلموں پر غیر ضروری تبصرے نہ کریں ، مودی کی کارکنوں کو ہدایت

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ فلموں کے بارے میں غیر ضروری تبصرے کرنے سے گریز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں دو روزہ نیشنل ایگزیکٹو اجلاس کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مودی نے اپنے خطاب کے دوران بی جے پی کے اراکین سے بھی کہا کہ وہ سماج کے ہر طبقے بشمول اقلیتوں جیسے بوہرا، پسمانداس اور سکھوں تک پہنچیں اور انتخابی تحفظات کے بغیر ان کے لیے کام کریں۔ وزیر اعظم کا یہ بیان شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے خلاف حالیہ مظاہروں کے درمیان آیا ہے، جس میں رام کدم اور نروتم مشرا جیسے کئی بی جے پی لیڈروں نے دیپیکا پڈوکون کے گانے بے شرم رنگ میں زعفرانی لباس پر تنقید کی تھی۔ یہ گانا دیپیکا کی پہنی ہوئی زعفرانی رنگ کی بکنی کے لیے خبروں میں رہا ہے اور اس کے ساتھ کچھ مناظر بھی ہیں جنہیں کئی سیاست دانوں اور ٹرولوں نے فحش قرار دیا۔ رپورٹس کے مطابق، ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور لوگوں نے میکرزکو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے کیونکہ انہیں اداکارہ کے جنسی طور پر دلکش اندازکی اوور ڈوز ملتی ہے۔ سوشل میڈیا پر فلم کے بائیکاٹ کی مہم کے ساتھ احتجاج جاری ہے۔