حیدرآباد 22 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے اعلان کیا کہ فلم شوٹنگس ‘ ری پروڈکشن کے کام وغیرہ جو لاک ڈاون کی وجہ سے رک گئے تھے انہیں مرحلہ وار انداز میں بحال کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے تجویز کیا کہ ہر کسی کو لاک ڈاون کی تحدیدات کی پابندی کرنی چاہئے اور کورونا سے بچنے احتیاط کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ شروع ہوتی بھی ہے تو اس کیلئے تمام قوانین کی پابندی کی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ رہنما خطوط تیار کریں تاکہ فلموں کی شوٹنگ کا ریاست میں آغاز ہوسکے ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں اہم فلمی شخصیتوں کے ساتھ اجلاس میں یہ بات کہی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو ‘ نرنجن ریڈی اور چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ فلمی شخصیتوں نے شرکت کی ۔